سعودی عرب کا غیر ملکی ویکسینیٹڈ عازمین کو عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ

مقامی اور غیر ملکی عازمین کو عمرے کی درخواست کے ساتھ کووِڈ ویکسینیشن کا مصدقہ سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ہوگا

پابندی فہرست میں شامل ممالک سے ویکسینیٹڈ عازمین کو آمد کے بعد قرنطینہ کرنا ہوگا،وزارت حج و عمرہ

ریاض( ویب  نیوز) عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کے بعد اب سعودی عرب نے بیرونِ ملک سے بتدریج ویکسینیٹڈ عمرہ عازمین کی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مکہ اور مدینہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بیرونِ ملک سے عازمین کو خوش آمدید کہیں گے، اس گنجائش کے ساتھ جو ہر ماہ 60ہزار سے 20لاکھ عازمین تک بڑھ جائے گی۔وزارت حج و عمرہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی عازمین کو عمرے کی درخواست کے ساتھ کووِڈ ویکسینیشن کا مصدقہ سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ہوگا۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق کہ سعودی عرب کی پابندی فہرست میں شامل ممالک سے ویکسینیٹڈ عازمین کو آمد کے بعد قرنطینہ کرنا ہوگا۔

سعودی عرب کا کورونا سے جاں بحق طبی عملے کیلئے 5 لاکھ ریال امدادا کا اعلان…

حکومت طبی عملے کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سعودی وزیر صحت

ریاض( ویب  نیوز) سعودی حکومت نے کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کے دوران وائرس سے جان کی بازی ہارنے والے طبی عملے کے اہل خانہ کو 5 لاکھ سعودی ریال بطور امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکومت نے ملک میں کورونا مریضوں کے علاج کے دوران کورونا وائرس سے ہی جان کی بازی ہارنے والے طبی عملے کے اہل خانہ کو 5 لاکھ سعودی ریال بطور امداد دینے کا اعلان کیا ہے، اس فہرست میں سعودی وغیر ملکی شہریوں سمیت نجی، سرکاری اور ملٹری اداروں میں طبی عملے کے طور پر فرائض انجام دینے والے وہ تمام افراد شامل ہیں جو کورونا کے باعث ہلاک ہوئے۔سعودی پریس کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں طبی عملے نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسرے شہریوں کی جان بچائی ہے۔دوسری جانب سعودی وزیر صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت طبی عملے کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو انہوں نے کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال اور اس جان لیوا وبا سے لڑتے ہوئے دی، اس کے علاوہ ہمارے طبی نظام نے کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے اور اس کے پھیلا کو روکنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔