بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے ُُٓٓپاکستان خطے میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔ شیخ رشید احمد
تاجر برادری کی سہولت کیلئے نادرا اور پاسپورٹ آفس میں خصوصی کاؤنٹر قائم کئے جائیں۔ سردار یاسر الیاس خان
کاروبار کے فروغ کیلئے ٹرانسپورت نیٹورک کو بہتر کرنے کی حکومتی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ میاں اکرم فرید

اسلام آباد (ویب نیوز  ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے پاکستان آنے والے دنوں میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے اور آنے والے چار پانچ ماہ اس سلسلے میں بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی معیشت کو مشکلات سے نکالنے اورکروناوائرس سے نمٹنے کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اب پائیدار معاشی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تھا تو اس وقت معیشت کی ابتر حالات کی وجہ سے یہ باتیں ہو رہی تھیں کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، لیکن موجودہ حکومت کی مثبت کاروباری اور معاشی پالیسیوں نے ملک کو اب درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 


شیخ رشید احمد نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے متعدد پالیسی اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے ایک الگ مارکیٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا جس سے خواتین کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔اسلح لائسنس کے اجراء کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے میرٹ پر مبنی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی کریں اور ان میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے مزید بہتر کردار ادا کریں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ سمیت حکومت کے اقدامات کو سراہا جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی مقامی صنعتوں کے ساتھ مل کر یونیورسٹی کے تین ہزار طلبا کو انٹرنشپ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ انہیں ملازمت کا عملی تجربہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے اور ٹیکس آمدن کو بہتر بنانے کے لیے فکسڈ ٹیکس نظام اور خود تشخیصی اسکیم کو فروغ دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا حکومت کو چاہیے کہ زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے جس سے ملک میں ٹیکس کلچر کو بہترفروغ ملے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ نادرا، پاسپورٹ آفس اور دیگر پبلک ڈیلنگ محکموں میں ٹیکس دہندگان کے لیے مخصوص کاؤنٹر قائم کیے جائیں جس سے کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کی سفارش پر کاروباری برادری کو اپنے دفاع کے لیے اسلح لائسنس جاری کیے جائیں۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے ملک میں ٹرانسپورٹ کا نیٹ ورک بہتر بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا جس سے سامان کی نقل و حمل میں سہولت ہوگی اور کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے گی۔ انہوں نے علاقے میں سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کے قیام کیلئے شیخ رشید احمد کی کوششوں کو بھی سراہا۔فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر، عبدالرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی، محمد اعجاز عباسی اور میاں شوکت مسعود سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔