وکلاکا عدالت جانے سے روکے جانے پر احتجاج، لیگی کارکنوں کی سیکیورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی
لاہور (ویب ڈیسک)
لاہور کی بینکنگ عدالت نے شوگر انکوائری کیس میں وکیل کے پیش نہ ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں4 ستمبر تک توسیع کردی۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 16ستمبر تک ملتوی کردی۔ایف آئی اے کی جانب سے شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کیلئے بینکنگ عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی پر لیگی کارکنوں اور وکلا کو عدالت جانے سے روک دیا گیا۔اس موقع پر وکلا نے احتجاج کیا، نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی عدالت کے باہر موجود تھیں۔وکلا نے جج قیصر نذیر بٹ کو شکایت کی کہ اگر یہ عدالتیں یہاں نہیں چل سکتیں تو کہیں اور منتقل کردیں، آپ شہباز شریف، حمزہ شہباز یا جس کو مرضی بلائیں، مگر وکلا کو نہ روکیں۔لیگی وکلا کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی کہ امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش نہیں ہوسکتے،سماعت ملتوی کی جائے۔عدالت نے جونئیروکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں4ستمبرتک توسیع کردی۔دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز، حمزہ شہباز سمیت ریفرنس کے دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے منی لانڈرنگ، رمضان شوگر ملز اورآشیانہ اقبال کیس کی سماعت 16ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریفرنس کے ملزمان کو طلب کرلیا۔پیشی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ لیگی کارکن نے احاطہ عدالت جانے کی کوشش میں سیکیورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی بھی کی۔