بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے صدر منتخب
مظفر آباد (ویب نیوز ) بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28ویں صدر منتخب ہوگئے ، پی ٹی آئی امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کو 34 ووٹ ملے۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر قانون سازاسمبلی کا اجلاس ہوا ، جس میں نئے صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی ، تمام موجود 51 اراکین اسمبلی نے ووٹ پول کئے ، صرف ایک رکن شاہ غلام قادرایوان میں موجودنہیں تھے۔
خیال رہے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی آئینی مدت 24اگست کوختم ہو رہی ہے، صدر کے انتخاب کے لیےچیف الیکشن کمشنر نے آراوکے فرائض سرانجام دیئے ، 13ویں آئینی ترمیم کےبعدصدر کےانتخاب میں اراکین کشمیر کونسل ووٹ نہیں دے سکتے۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم عمران خان کے نامزد کردہ عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے ، انھیں قانون، ساز اسمبلی سے 33 ووٹ ملے، جب کہ متحدہ اپوزیشن کے چوہدری لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے۔