کراچی (ویب ڈیسک)

ملک کے 74ویں یومِ آزادی پر کراچی کے شہریوں نے 8روزہ سخت لاک ڈائون اور محدود کاروباری اوقات کار کے باوجود جشن آزادی پر15ارب روپے خرچ کرڈالے ، گذشتہ سال کے مقابلے میں خریداری میں 40فیصد کمی اور عوام کے جذبہ حب الوطنی میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا، جشن آزادی کا سامان فروخت کرنیوالے تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا ، کاروباری اوقات کار کم ہونے سے کاروبار میں کمی رہی جبکہ شہری اپنے بچوں کے ہمراہ جشن کے سامان کی خریداری کیلئے شہر کی مختلف مارکیٹوں میں بھٹکتے رہے اسکے باوجود شہریوں کی جانب سے وطن سے عشق اور فوج سے عقیدت کا بیمثال مظاہرہ کیا گیا، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے شہریوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم، نہتے کشمیری مسلمانوں کے خلاف بھارتی سفاکیت اور پاکستان کے خلاف دشمنوں کے ناپاک عزائم کے خلاف پاکستانی عوام میںآزادی کی اہمیت اور وطن کی محبت کا جوش و جذبہ کئی گنا بڑھ گیا ہے ، انھوں نے کہا کہ رواں سال بھی پاکستان کا بچہ بچہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر جشن آزادی کی بہار لوٹنے میں مگن رہا، انھوں نے یومِ آزادی کو عیدالفطر کے بعد دوسرا بڑا تہوار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حسبِ سابق شہریوں کی جانب سے وطن، قوم، افواجِ پاکستان، آئی ایس آئی اور رینجرز سے عقیدت،محبت اور اظہارِ یکجہتی کا لازوال مظاہرہ دیکھنے میں آیا، ، نوجوانوں نے گذشتہ سالوں کی مانند ملک سے اظہار یکجہتی کے طور پر سبز ہلالی پرچم کی ٹی شرٹس اور ٹرائوزر زیب تن کیئے، شہرِ قائد قومی پرچموں، برقی قمقموں، رنگین جھالروں اور جھنڈیوں سے جگمگاتا رہا، شہر میں ہر جانب قومی اور ملیّ نغموں کی گونج سنائی دیتی رہی، انھوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئیند ہے کہ قوم کا ملک اور فوج سے عشق جنون کی حد تک بڑھ رہا ہے جو کہ دشنمنانِ پاکستان کو کھلا پیغام ہے کہ جس ملک کا بچہ بچہ مجاہد ہو اسے تر نوالہ سمجھنے کی غلطی نہ کرے، انھوں نے کہا کہ 74ویں یومِ آزادی پر شہر کے مختلف علاقوں میں سجاوٹ، کیک کاٹنے ، پرچم کشائی اور آتشبازی کی تقاریب منعقد کی گئیں ، بیشتر مقامات پر قومی پرچموں کی فروخت کے اسٹالز لگائے گئے، جشن آزادی پر مقامی بازار گذشتہ سال کی طرح چین سے درآمد شدہ اور پاکستانی سامان کی بہت بڑی مارکیٹ میں تبدیل ہوگیا،جس میں 70فیصد درآمدی اور30فیصد مقامی سامان کا حصہ رہا، بازاروں میں جھنڈے، ٹی شرٹس، بیجز، کیپس، غبارے، چوڑیاں، ماسک، جھنڈیاں، کانوں کے بندے، بنیانیں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے سبز ہلالی ریڈی میڈ گارمنٹس، دوپٹے، ملّی نغموں کی سی ڈیز، آتشبازی کا سامان، فیس پینٹنگ ، بچوں کی عینکیں، کڑے اور دیگر اشیاء کی بھرپور خریداری کی گئی،بسوں، رکشوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر جھنڈے لہرائے گئے ،بیشتر مقامات پر دعوتوں کا اہتمام، مٹھائی، پرچموں، چوڑیوں، بیجز اور دیگر اشیاء کی تقسیم کی گئیں، آزادی کی خوشی میں شہر کے کئی مقامات پر نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کئے گئے ۔