پیپلزپارٹی پی ایم ڈی اے کے کالے قانون کے خلاف صحافیوں کے احتجاج میں شریک ہوگی،بیان

کراچی (ویب ڈیسک)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے)کے مجوزہ بل کومسترد کردیا۔بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کی ایک کمیٹی کو پورے میڈیا کا مالک و مختار بنا دینا کسی صورت منظور نہیں۔ حکومت میڈیا ٹریبونل کے قیام سے خود پر تنقید کرنے والوں کی آوازوں کو دبانا چاہتی ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مجوزہ بل ملک میں آزادی صحافت کا خاتمہ کردے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی ایم ڈی اے کے قیام کی ہر صورت میں اور ہر سطح پر مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل کی منظوری کے خلاف جدوجہد میں صحافی برادری کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پی ایم ڈی اے کے کالے قانون کے خلاف صحافیوں کے احتجاج میں شریک ہوگی۔انہوںنے کہا کہ حکومت اپنی ناہلی اور کرپشن کے بے نقاب ہونے کی وجہ سے میڈیا پر پابندیاں لگانا چاہتی ہے۔