ہمیں اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی گواہ مہم شروع کرنے پر فخر ہے،ایم ڈی کیج
دہشت گردی کے خلاف ناکام جنگ کا براہ راست اور بدترین اثر پاکستان اور پڑوسی ملک افغانستان پر پڑا،آمنہ مسعود جنجوعہ

لندن  (ویب ڈیسک)

انسانی حقوق کی تنظیموں اور وکلا کے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کے آغاز کے بیس سالوں کی یاد میں 5 ماہ طویل مہم کا آغاز کیا ہے۔کیج( CAGE )کی طرف سے شروع کی جانے والی ”بین الاقوامی گواہ مہم”میں 13 سے زائد ممالک کے 40 سے زائد عالمی شراکت دار شامل ہیں اور امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ کے اختتام کے ساتھ اس کا آغاز ہوا،مہم میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اثرات اور ناکامیوں کو اجاگر کرنے والی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کی خطرناک بیان بازی ایک عالمی رجحان بن چکا ہے۔ معماروں نے اسلام کو بدنام کرکے عوامی حمایت حاصل کی اور قوانین اور پالیسیوں کا ایک فریم ورک بنایا

جس نے مسلم آبادیوں کے ساتھ بے حد ناانصافی کی۔نفرت کے بنیادی ڈھانچے کو اختلافی آوازوں کو دبانے اور سب کے لیے شہری آزادیوں کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا اور قانون کی بالادستی ختم ہو گئی۔عالمی سطح پر ، ناکام جنگوں میں براہ راست حملوں کے ذریعے پوری قوموں نے تباہی دیکھی ہے جس کی وجہ سے 8 لاکھ سے زائد اموات ہوئیں اور 37 ملین افراد نے نقل مکانی کی ہے۔اس جنگ کے باعث لاکھوں لوگ متاثر ہوئے لہذا اس معاملے پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی یکجہتی کا مقصد انصاف کے لیے آواز اٹھانا ہے۔کیج کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد ربانی نے کہاکہ ہمیں اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی گواہ مہم شروع کرنے پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ نے گذشتہ دو دہائیوں میں جو تباہی مچائی ہے اس پر غور کرنے کے لیے یہ ایک درد ناک لمحہ ہے۔ آگے بڑھنے کی تمام کوششوں میں زندہ بچ جانے والے متاثرین کے لیے انصاف ، مجرموں کے لیے جواب دہی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جواز فراہم کرنے والے قوانین ، پالیسیوں اور بیان بازی کے پورے انفراسٹرکچر کو ختم کرنا شامل ہے۔منصور عادیفی جنہوں نے تقریبا 15 سال گوانتانامو میں گزارے اور اس وقت کیج کے گوانتانامو پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ہیں۔گوانتانامو بے سے رہائی کے بعد سے ، جہاں میں نے تقریباً 15 سال بغیر کسی الزام یا مقدمے کے گزارے ، میں اس کے بند ہونے اور گوانتانامو کو جنم دینے والی دشمنی کے خاتمے کی وکالت کر رہا ہوں۔ میری زندگی کے ضائع شدہ سالوں کے ذمہ داروں کو بھی حساب دینا چاہیے۔ مجھے ہمیشہ یقین تھا کہ بات چیت کے ذریعے امن حاصل کیا جا سکتا ہے اور یہ کہ انصاف تب ہی مل سکتا ہے جب مجرموں کا محاسبہ کیا جائے۔ بین الاقوامی گواہ مہم عالمی سطح پر اس پیغام کو پہنچانے کے لیے بہترین وقت پر آئی ہے۔ جبری گمشدہ لاپتہ کاروباری شخص کی بیوی اور متاثرین کے گروپ ڈیفنس آف ہیومن رائیٹس کی چیئر پرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ناکام جنگ کا براہ راست اور بدترین اثر پاکستان اور پڑوسی ملک افغانستان پر پڑا۔ 9/11 کے بعد جارج بش نے پاکستانی صدر پرویز مشرف کو فون کیا اور دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ آپ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی بننا ہوگا یا تو آپ ہمارے ساتھ ہیں یا ہمارے خلاف۔اس نے مزید کہا کہ یہ صلیبی جنگ ہے اور اگر آپ اتحادی نہیں بنیں گے تو ہم آپ کو پتھر کے دور میں بھیج دیں گے۔بدقسمتی سے مشرف نے حکومت میں کسی سے مشورہ کیے بغیر اس مہلک ترین جنگوں میں فریق بننے پر رضامندی ظاہر کی۔ ہماری سرزمین اور ہوائی اڈے ان گنت جہازوں کو اتارنے کے لیے استعمال کیے گئے ، جنہوں نے بمباری کی اور افغانستان میں ہمارے بھائیوں پر جہنم کی آگ پھینکی۔اس جنگ کے حالات کو سنبھالنا بہت زیادہ مشکل تھا۔ پاکستان اور افغانستان انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں ،جبری گمشدگیوں ، دوستی ، ماورائے عدالت قتل ، اغوا کی لپیٹ میں آئے ہوئے تھے۔ بمباری ، لوٹ مار اور چھینا جھپٹی معمول بن گیا تھا ، خوف اور ظلم نے 20 سال تک راج کیا۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کے 10 ہزار شہریوں کو اس 20 سالوں میں جبری گمشدگیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس نے لاپتہ افراد کے 2818 کیسز ریکارڈ کیے ، جبکہ اپنی انتھک جدوجہد کے ذریعے 1435 کا سراغ لگایا۔ کیج یوکے کی طرف سے شروع کی گئی یہ بین الاقوامی گواہی مہم ، ایک مثالی طریقہ ہے جس میں ہم جبری گمشدہ افراد کے لیے سچائی اور انصاف اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے جواب دہی کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ ہمیں اس مہم کا حصہ بننے پر فخر ہے ، جس میں13 سے زائد ممالک کے 40 سے زائد  عالمی شراکت دار موجود ہیں۔