آئی سی سی آئی کی پراپرٹی ایکسپو میں عوام کی گہری دلچسپی
سفراء اور ورزا نے بھی دوسرے دن پراپرٹی ایکسپو کا دورہ کیا
ایکسپو کا مقصد وزیراعظم کے پچاس لاکھ گھروں کے وژن کو سپورٹ کرنا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں منعقدہ تین روزہ پاکستان پراپرٹی، ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن ایکسپو 21 20 میں عوام گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 3 ستمبر کو کیا تھا جو 5ستمبر تک جاری رہے گی۔ دوسرے دن بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے ایکسپو کا دورہ کیاا ور نمائش کیلئے پیش کئے گئے پراپرٹی، ہاؤسنگ اور تعمیراتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دوسرے دن وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی، وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کے علاوہ آذربائیجان اور اردن کے سفارت کاروں نے بھی ایکسپو کا دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کے اس اقدام کو بہت سراہا کیونکہ اس نے تعمیراتی شعبے کی بزنس کمیونٹی کو اپنے پروجیکٹس کی نمائش کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس سے ان کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا اور عوام کو بھی اپنی پسند کی پراپرٹی یا گھر خریدنے کا موقع ملے گا۔


ایکسپو میں سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر کمرشل بینکوں نے بھی میں اپنے ہیلپ ڈیسک قائم کیے ہیں جہاں وہ لوگوں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت تعمیر کیے جانے والے گھروں کی خریداری کے لیے حکومت کی سبسڈائزڈ فنانسنگ سکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ایکسپو میں کاروبار سے متعلقہ مختلف موضوعات پر کانفرسز بھی منعقد کی جا رہی ہیں جن میں ماہرین تعمیراتی شعبے کی بہتر ترقی کیلئے حکومت کو اپنی تجاویز و سفارشات پیش کر رہے ہیں۔ ایکسپو میں وزیٹرز کے لیے تفریح کا انتظام بھی کیا گیا ہے جن میں فوڈ سٹالز اور کرہ اندازی کے ذریعے موبائل فون اور موٹر سائیکل جیسے تحائف کی تقسیم بھی شامل ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیمبر کے زیر اہتمام پاکستان پراپرٹی، ہاؤسنگ اور کنسٹریکشن ایکسپو منعقد کرنے کا مقصد وزیراعظم پاکستان کے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے وژن کو سپورٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے پراپرٹی، ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبوں کی 70 سے زائد کمپنیاں ایکسپو میں حصہ لے رہی ہیں اور انہوں نے 250 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے اور مجموعی طور پر 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے عزم کی یقین دہانی کرائی ہے جو وزیر اعظم کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مکمل تائید حاصل ہے اور اس سے 60 سے زائد متعلقہ شعبوں کا کاروبار بہتر فروغ پائے گا۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تقریبا 12 ملین گھر تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس طرح کے ایکسپوز کے انعقاد سے ضرورتمند افراد کو اپنی پسند کے گھر تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کنسٹریکشن انڈسٹری کیلئے پرکشش پیکج کا اعلان کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا جس سے تعمیراتی شعبے میں بڑے بڑے منصوبے شروع ہو گئے ہیں اور بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کنسٹریکشن پیکج کی طرز پر دیگر صنعتوں کو بھی مراعات فراہم کی جائیں جس سے پاکستان میں صنعتی انقلاب کی راہ ہموار ہو گی۔