صدر مملکت سمیت سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت
تقریب میں شہداء کے لواحقین ، غازیوں، حاضر سروس و ریٹائرڈ عسکری حکام اور جوانوں کی شرکت
وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا

راولپنڈی (ویب ڈیسک)

یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی ۔ تقریب میں شہداء کے لواحقین ، غازیوں، حاضر سروس و ریٹائرڈ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی کابینہ کے ارکان تقریب میں موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت فرخ حبیب، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار بھی تقریب میں موجود تھے۔ جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور شہیدوں اور غازیوں کو خراج پیش کرتے ہوئے ترانے پیش کیے گئے۔’ہمارے شہدا ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں سے تعلق رکھنے والے تمام رشتہ داروں کو سلام’ کے موضوع سے رواں برس یوم دفاع منایا جارہا ہے۔تقریب کے دوران پاک فوج کی جانب سے کارگل سمیت مختلف محاذوں میں دی جانے والی قربانیوں پر مشتمل ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔مشہور گلوکار عاطف اسلم سمیت دیگر نے قومی ترانے پیش کیے۔تقریب میں” اے زمین وطن مادر مہربان” ملی نغمے پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ دشمن کے عزائم خاک میں ملانے والے شہداء غازیوں اور ان سے جڑے تمام رشتوں کو قوم کا  سلام، وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔قبل ازیں ملک بھر میں یوم دفاع کے سلسلے میں مختلف تقاریب منعقد ہوئیں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی، ملک کے استحکام اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔چیف آف نیوزل اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار پر پھول رکھے اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔