پاکستان خطے میں امن کیلئے تعاون جاری رکھے گا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
غیرملکیوں کے کامیاب انخلا میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے،ولیم جوزف برنز

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی(سی آئی اے)کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنز نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹرجنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس(  آئی ایس آئی) فیض حمید سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹرجنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ولیم جوزف برنز نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے تعاون جاری رکھے گا، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے بھی ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ ڈائریکٹر سی آئی اے ولیم جوزف نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکیوں کے کامیاب انخلا میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔