کرکٹ ٹیم کیلئے سکیورٹی سمیت ہر طرح کے انتظامات کر لئے گئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد جمعہ کو پاکستان پہنچے گی ۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم جمعہ کو پاکستان پہنچے گی جس کے لیے سکیورٹی سمیت ہر طرح کے انتظامات بہترین انداز میں کئے گئے ، پاکستان کرکٹ ٹیم بھی اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی کوویڈ ٹیسٹنگ کی گئی، ایک روز کورنٹائن میں رہنے اور کوویڈ ٹیسٹ منفی آنے پر کھلاڑیوں کو 10ستمبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت دی جائے گی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگی جس کے میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، میچز کیلئے 25 فیصد شائقین کرکٹ کو بھی سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی گئی ۔راولپنڈی سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم میں 25 فیصد تماشائیوں کو این سی او سی کی ہدایت کے مطابق اجازت حاصل ہے اور ابھی اس سے متعلق کوئی تازہ ہدایت جاری نہیں کی گئی ہیں۔راولپنڈی سٹیڈیم میں 4 ہزار 500 اور قذافی اسٹیڈیم میں 5 ہزار 500 تماشائیوں کو اجازت حاصل ہے۔این سی او سی کی ہدایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹکٹس کے لیے پالیسی کے اعلان کا امکان اگلے ایک دو روز میں متوقع ہے، مکمل ویکسینیشن شدہ شائقین کرکٹ میچ دیکھ سکیں گے۔