پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، لاہور میں 150 فیڈرز ٹرپ کر گئے

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دیدیا

لاہور  (ویب ڈیسک)

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی ، انڈر پاسز اور سڑکوں پر پانی جمع، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ لاہور میں 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کالی گھٹائیں کیا چھائیں، دن میں رات کا گماں ہونے لگا۔ لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹائون، گارڈن ٹائون، سمن آباد اور ریلوے سٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کے علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں جمع پانی فوری نکالنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے، واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک کا دورہ کیا اور وہاں جمع پانی کا جائزہ لیا، انہوں نے واسا عملے کو لکشمی چوک سے جلد ازجلد پانی نکالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کو نکال کر ترجیحی بنیادوں پر روڈ کو کلیئر کرایا جائے، شہریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے گلشن راوی ، سمن آباد، رائیونڈ روڈ، داتا نگر، ڈیفنس، والٹن روڈ اور بھاٹی گیٹ کے علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ علامہ اقبال ٹائون، قلعہ گجرسنگھ، گڑھی شاہو، چائنہ سکیم ، سگیاں، مانگا منڈی اور شاہدرہ میں بھی بجلی بند رہی۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔