ملتان میں کارکنان نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال، خواتین بھی لڑ پڑیں
راولپنڈی کے رتہ امرال میں تحریک لبیک اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں ہاتھا پائی پر پولیس نے ہجوم کو منتشرکردیا
کراچی میں ریٹرننگ افسر نے کارروائی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 4 سے 2جعلی پولنگ ایجنٹ گرفتار کر لئے

ملتان،راولپنڈی،کراچی (ویب ڈیسک)

کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن کے دوران مختلف واقعات میںسیاسی جماعتوں کے کارکنان ایک دورے الجھتے ہوئے گتھم گتھا ہو گئے،کراچی میں وارڈ نمبر 4 سے 2جعلی پولنگ ایجنٹ گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کہیں توں تکرار،کہیں لڑائی، کہیں جھگڑا، کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات مگر کہانی وہی پرانی، ملتان میں ہنگامہ آرائی پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کی جانب سے پولنگ سٹیشن کے اندر جانے کی کوشش پر ہوئی۔ دونوں جانب سے کارکنان نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ مرد ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے تو خواتین بھی پیچھے نہ رہیں، پولنگ کا عمل متاثر ہوا تو پولیس حرکت میں آئی اور ہنگامہ آرائی کرنیوالوں کوباہرنکال دیا۔راولپنڈی کے چکلالہ کینٹ وارڈ نمبر 7کے خواتین پولنگ سٹیشن پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں میں تصادم کے باعث الیکشن کا عمل متاثر ہوا ۔رتہ امرال میں تحریک لبیک اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں بدمزگی اور ہاتھا پائی پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہجوم کو منتشر کر دیا۔کراچی میں ریٹرننگ افسر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ سلیم حسن وٹو نے کارروائی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 4 سے 2جعلی پولنگ ایجنٹ گرفتار کر لئے جو بغیر دستاویزات کے وارڈ نمبر 4 خواتین کے پولنگ سٹیشن کے اندر تھے، دونوں کا تعلق دو مختلف سیاسی جماعتوں سے بتایاگیا،کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں کالا پل کے قریب واقع پولنگ اسٹیشن میں بے نظمی نظر آئی، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں جاری پولنگ میں مختلف وجوہات کی وجہ سے کہیں بے نظمی دیکھنے میں آئی تو کہیں ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔