Scentat pakiistan

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے سخت احتجاج کا خطرہ ہے۔صدارتی خطاب سے چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز ہو جائے گا۔رپورٹ کے مطابق 10 صدر مملکت آئینی تقاضا پورا کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے 30بار خطاب کرچکے ہیں بعض صدور کو پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کا سامنا کرنا پڑا صدارتی خطاب کے موقع پر پانچ پارلیمان کے  پانچ اجلاسوں میں ہنگامہ آرائی احتجاج اور نعرے لگے ۔سابق صدر فاروق لغاری کے خطاب کے دوران لیگی رکن اسمبلی تہمینہ دولتانہ نے ان پر چادر اور چوڑیاں پھینک دی تھیں۔سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے خطاب کے دوران مسلم لیگ(ن)  پیپلزپارٹی  اور ایم ایم اے کے ارکان نے شدیداحتجا ج کرتے ہوئے گو مشرف گو کے نعرے لگائے خطاب کے بعد پرویز مشرف ایوان میں مکے دکھاتے ہوئے رخصت ہوئے ۔سابق صدر ممنون حسین کے خطاب کے دوران اپوزیشن نے واک آؤٹ کو ترجیح دی۔تمام نعرے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے غلام اسحاق خان کو بھی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔صدر عارف علوی چوتھی بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریںگے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں 31 ویں صدر کے طورپر خطاب کریں گے۔23 مارچ 1985ء کو ضیاء الحق نے پہلی بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا پھر 30 دسمبر 1985ء کو دوسری بار،8 جولائی1986ء کو تیسری مرتبہ،19 اپریل 1987ء کو چوتھی اور 7 اپریل 1988ء کو پانچویں مرتبہ خطاب کیا۔ضیاء الحق کی وفات کے بعد 14 دسمبر 1988 کو صدر غلام اسحق خان نے پہلی بار ،2 دسمبر 1989ء کو دوسری،8 نومبر 1990ء کو تیسری 19 دسمبر 1991ء کو وسیم سجاد نے بطور صدر خطاب کیا۔ 14 نو مبر 1994ء کو فاروق لغاری نے پہلی بار اور29 اکتوبر 1995ء کو دوسری بار خطاب کیا جبکہ 1996 میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس  بلایا ہی نہیں گیا اور 26 مارچ 1997کو فاروق لغاری نے تیسری بار خطاب کیا۔23 فروری 1998ء کو رفیق احمد تارڑ نے بطور صدر مملکت پہلی مرتبہ،11 مارچ1999ء کو دوسری  مرتبہ خطاب کیا۔ 20 ستمبر 2009ء  کو بطور صدر آصف علی زرداری نے پہلی مرتبہ،28 مارچ 2009ء کو دوسری،5 اپریل 2010ء  کو تیسری،22 مارچ 2001کو چوتھی،17 مارچ 2012ء کوپانچویں اور 10 جون 2013ء کو چھٹی مرتبہ خطاب کیا۔2 جون 2014ء کو صدر ممنون حسین نے پہلی مرتبہ،4 جون 2015ء کو دوسری،یکم جون 2016ء کو تیسری اور 2017ء  میں مجلس شوری سے وتھی مرتبہ خطاب کیا۔اس کے بعد 13 ستمبر 2018ء کو عارف علوی نے پہلی بار،12 سمتبر 2019ء کو دوسری،20اگست 2020ء کو تیسری بار خطاب کیا۔ اس طرح 1985 سے 1988ء تک ضیاء الحق نے پانچ،غلام اسحق نے دسمبر 1988 سے 1992 تک پانچ،1993 میں وسیم سجاد نے ایک،فاروق لغاری نے تین،رفیق تارڑ نے دو ،آصف علی زرداری نے چھ مرتبہ،ممنون حسین نے تین اور عارف علوی نے تین مرتبہ خطاب کیا۔آصف علی زرداری اب تک واحد صدر ہیں  جنہوں نے سب سے زیادہ چھ مرتبہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔