صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ذمہ داری پوری کریں، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس میں ریمارکس
چا روں صوبوں کے کنٹونمنٹ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق وزارتِ دفاع نے سارا ڈیٹا فراہم کیا ہے،سکندر سلطان راجہ
بلوچستان میں نئے حلقے بننے ہیں، 3ہفتے کی مہلت دی جائے،ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان،سماعت 14اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ مسائل کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کیلئے مزید تاخیر نہیں کی جاسکتی،صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں ،چاروں صوبوں کے کنٹونمنٹ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق وزارتِ دفاع نے سارا ڈیٹا فراہم کیا۔منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی جس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان احمد رضا اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان پیش ہوئے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانا ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے انعقاد پر وزارت دفاع کے شکرگزار ہیں، صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریںجبکہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے آرڈر جاری کرنے جارہا ہے، مسائل کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کیلئے مزید تاخیر نہیں کی جاسکتی۔ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے دورانِ سماعت بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترمیم کر چکے، کابینہ سے منظوری لینی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلی بلوچستان کو کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے آرڈیننس جاری کریں، بلوچستان میں نئے حلقے بننے ہیں، 3 ہفتے کی مہلت دی جائے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ قانون اور آئین گنجائش نہیں دیتا کہ ہم بلدیاتی انتخابات موخر کریں، ہم عام آدمی کو مقامی حکومت سے محروم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق 4ہفتے بعد سماعت کریں گے، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپنا آرڈر جاری کرے گا اور اس حوالے سے تاخیر نہیں کرے گا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سماعت 14اکتوبر تک ملتوی کر دی۔