دوطرفہ تعلقات ،علاقائی و بین الاقوامی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
وزیراعظم عمران خان اور قازقستان کے صدر کی ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملک کے دور ے کی دعوت

دو شنبے (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان کی تاجکستان کے دوروزہ دورے کے موقع پر تاجک صدر امام علی رحمن، قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی،بیلاروس کے صدر الیگزینڈر اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے الگ الگ ملاقات ہوئی ہے۔عمران خان نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے صدارتی محل میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ،علاقائی و بین الاقوامی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پروزیر اعظم عمران خان اور قازقستان کے صدر کے درمیان ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر گفتگو ہوئی ۔دونوں رہنمائوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی۔وزیراعظم عمران خان نے سہ ملکی ریلوے منصوبے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، ریلوے منصوبہ ازبک شہر ترمیز سے شروع ہو کر افغانستان کے شہر مزارشریف،کابل ، جلال آباد سے ہوتا ہوا پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور تک ہوگا۔دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح سیاسی روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے قازقستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اس موقع پر قازقستان کے صدر نے بھی وزیراعظم عمران خان کو اپنے ملک کے دورہ کی دعوت دی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی ویژن سینٹرل ایشیا پالیسی کے تحت وسط ایشیائی ریاستوں کیساتھ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے، پاکستان وسط ایشیائی ملکوں کو سمندری تجارت کیلئے اپنی بندرگاہوں سے مختصرترین روٹ فراہم کرسکتا ہے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈرسے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔