بھارت میں مسلم آبادی کیخلاف آپریشن، پولیس فائرنگ سے کئی افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک مسلمان شخص کو قتل کرنے کے بعد لاش کی بیحرمتی کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی

کانگریس رہنما راہول گاندھی سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے پولیس آپریشن پر کڑی تنقید کی گئی

نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارت کی ہندو انتہا پسندجماعت بی جے پی کے وزیراعظم نریندر مودی کے دور میں بھارت میں مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا۔بھارتی ریاست آسام میں غیر قانونی قرار دے کر مسلمان آبادی کے خلاف پولیس آپریشن کیا گیا اور احتجاج کرنے والوں پر پولیس نے براہ راست فائرنگ کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک مسلمان شخص کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کی بیحرمتی کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ پولیس اہلکار ایک نہتے شخص پر بہیمانہ تشدد کر رہے ہیں جبکہ ایک کیمرہ مین بھی پولیس کی موجودگی میں اس شخص پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔کانگریس رہنما راہول گاندھی سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے پولیس آپریشن پر کڑی تنقید کی گئی۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نگرانی میں ریاست آسام میں آگ لگی ہوئی ہے۔