ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز تر کر دیا ہے، امین الحق
سافٹ ویئرٹیکنالوجی پارکس اورانکوبیشن سینٹرز قائم کررہے ہیں
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اقوام متحدہ کی ڈیجیٹل تعاون تنظیم سے خطاب
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز تر کر دیا ہے، عالمی اداروں کی ریٹنگ میں پاکستان کی کئی درجے ترقی ہوئی ۔اقوام متحدہ کی ڈیجیٹل تعاون تنظیم سے خطاب میں انہوںنے کہا کہ ملک میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور انکوبیشن سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں،شہری و دیہی ڈیجیٹل تفریق کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ نوجوانوں اور خواتین کو با اختیار بنانے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پالیسیوں، اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں نے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز تر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی ریٹنگ میں پاکستان کی کئی درجے ترقی ہوئی جبکہ فری لانسرز و سٹارٹ اپس کی صورت میں ہنرمند نوجوانوں کا روزگار اصلاحات کا نتیجہ ہے۔انہوںنے کہا کہ عالمی بینک نے ایز آف ڈوئنگ بزنس کے اعتبار سے رینکنگ میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ڈیجیٹل تنظیم کی بدولت ممبر ممالک کو باہمی تجربات سے استفادہ حاصل ہو رہا ہے۔وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے ممبر ممالک کے وزرا اور اقوام متحدہ کی نمائندہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔ ممبر ممالک کے وزرا نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جانب پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔