مینگورہ میں جدید سہولیات ستے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا

مینگورہ میں 22ہزار مربع فٹ پر جدید سہولیات ستے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا

سوات (ویب  نیوز)وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکشن نے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کیلئے 2اہم ترین منصوبے شروع کر دیئے ہیں،پہلے منصوبے کے تحت سوات کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد کیلئے 78کروڑ روپے سے زائدلاگت سے یونیورسل سروس فنڈ ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کرے گا جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت مینگورہ میں 22ہزار مربع فٹ پر جدید سہولیات ستے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا۔  ایک رپورٹ کے مطابق  تاریخی تہذیب و تمدن رکھنے کے ساتھ ضلع سوات وجہ شہرت اس کی حسین ترین وادیاں، دریا، پہاڑ ہیں جو اسے سیاحوں کی جنت بناتے ہیں، اس خوبصورت علاقے کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے متعلق تمام سہولیات سے بھی آراستہ کریں گے،اس خواب کی تعبیر آج ہورہی ہے جب ہم سوات کے انتہائی دشوار گزار اور دور دراز کے علاقوں کو بھی ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرتے ہوئے 78 کروڑ روپے کی لاگت سے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کرنے جارہے ہیں، وادی سوات کی مجموعی آبادی25لاکھ 22ہزار،534افراد پر مشتمل ہے جس میں سے اس پراجیکٹ کے تحت 65ہزار 695افراد کو ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم ہوں گی۔ سوات کے مجموعی رقبہ 5ہزار 337کلومیٹر میں سے ایک ہزار 501مربع کلومیٹر کے وسیع علاقے میں قائم 50گائوں کے مکینوں کو سہولیات کی فراہمی ایک چیلنج تھا کیونکہ پہاڑوں اور دشوار گزار راستوں پر کہیں 100لوگ بستے ہیں کہیں ہزار یا 500، اس لیئے اس پراجیکٹ کے تحت ایک وسیع لیکن کٹھن علاقے کو ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کا اہم کارنامہ ہے۔ دوسرے منصوبے کے تحت سوات کے علاقے مینگورہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جارہا ہے، وزارت آئی ٹی کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ورٹیکس سافٹ کے اشتراک سے 22ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قیام سے سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے ہزاروں ہنرمند نوجوان خاص طور پر چھوٹے اور متوسط انٹرپرائزز کو ایک چھت تلے تمام سہولیات کے ساتھ دنیا بھر سے رابطوں اور آئی ٹی مصنوعات سے متعلق اپنے کام کا موقع ملے گا ، اس سافٹ ویئر پارک میں 500سے زائد ہنرمند اپنا سیٹ اپ قائم کر سکیں گے اس طرح منسلک افراد سمیت تقریبا 2ہزار افراد کو براہ راست یا بالواسطہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے تیزی سے کام کیا جارہا ہے اور اس سال کے آخر تک ملک بھر میں ٹیکنالوجی پارکس کی تعداد 25سے زائد ہوجائے گی۔