پاک فوج کا خفیہ اطلاعات پر آپریشن،10دہشت گردہلاک

آپریشن کے دوران ہتھیار اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد ہوئیں

راولپنڈی( ویب  نیوز)پاک فوج نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران10دہشت گردہلاک کر دیا۔ہلاک دہشت گردوں میں چار اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مارے جانے والے دہشتگردوں میں چار اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ہتھیار اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے تمام دہشتگرد دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ہلاک دہشت گرد جنوبی وزیرستان میں بڑی وارداتیں کرنے کی  منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج ہر قیمت پر ملک سے دہشت گری کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔

ایران کی حدود سے ایف سی پوسٹ پر فائرنگ ، ایک جوان شہید….فائرنگ کے دوران دہشتگردوں نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا..،آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( ویب  نیوز)ایران کی حدود سے پاکستانی علاقے میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان کے چوکب کے علاقے میں ایران کی حدود سے ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے دوران دہشتگردوں نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایف سی کا ایک جوان مقبول شاہ شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے متعلقہ ایرانی حکام کو واقعے سے آگاہ کردیا ہے۔