نیویارک پراپرٹی کیس،آصف زرداری کیخلاف فرد جرم عائد نہ ہو سکی

عدالت نے 14 اکتوبر کو سابق صدر کو دوبارہ فرد جرم کی کارروائی کے لئے طلب کر لیا

 اگر آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائینگے،عدالت

اسلام آباد (ویب  نیوز) نیویارک پراپرٹی کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف فردجرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے 14 اکتوبر کو سابق صدر کو دوبارہ فرد جرم کی کارروائی کے لئے طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر آصف علی زرداری آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔ بدھ کے روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر تین کے جج سید اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیویارک پراپرٹی کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ دوران سماعت آصف علی زرداری کے وکیل سینیٹر فاروق حمید نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست دائر کی کہ ان کے موکل کراچی سے آتے ہیں اور ان کی عمر بھی زیادہ ہے وہ لیٹ ہو گئے ہیں اس لئے وہ پیش نہیں ہو سکتے۔ میں انڈرٹیکنگ دیتا ہوں کہ اگلی سماعت پر لازمی پیش ہونگے۔ اس پر احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری کئے جائیں گے ان پر فرد جرم تو عائد ہونی ہی ہے۔ اس پر فاروق نائیک نے احتساب عدالت کے جج سے درخواست کی کہ 7 اکتوبر کے بعد کی کوئی تاریخ رکھ لیں جس پر عدالت نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق صدر کو دوبارہ فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے لئے طلب کر لیا ہے۔ دوران سماعت پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور دیگر رہنما بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔