صدارتی الیکشن،آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور، محمود اچکزئی پر اعتراض عائد

چیف الیکشن کمشنر نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر فیصلہ محفوظ کرلیا

محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پرایک اورصدارتی امیدوار اصغر علی مبارک نے اعتراض عائد کردیا

چیف الیکشن کمشنر نے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

اتحادی جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی مکمل ہوگئی۔چیف الیکشن کمشنر نے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے فاروق نائیک اور شہادت اعوان پیش ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوارمحمود خان اچکزئی کے ہمراہ علی محمد خان، عامر ڈوگر سمیت دیگر الیکشن کمیشن پہنچے۔ چیف الیکشن کمشنر نے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ ایک اور صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ فاروق نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا گیا۔ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، آصف زرداری دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوں گے۔