شاہ محمود قریشی کے چار حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد

اپیلٹ ٹربیونل نے شاہ محمود کی بیٹی مہربانو اور بیٹے زین قریشی کی اپیلیں منظور کر لیں

فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد جہلم کے صوبائی حلقہ سے نااہل قرار

فواد چوہدری کے این اے 60 اور 61 سے منظور کاغذات کا حکمنامہ بھی واپس لے لیا گیا

فواد چوہدری نے کاغذات میں اپنی بیوی کے بینک اکائونٹس اثاثے اور غیر ملکی دورے چھپائے ہیں،الیکشن ٹریبونل

ملتان (صباح نیوز)ملتان  کے اپیلٹ ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود  قریشی کے 4 حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا ۔  ملتان کے اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی  پر اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے دائر اپیل مسترد کر دی تاہم اپیلٹ ٹربیونل نے شاہ محمود کی بیٹی مہربانو اور بیٹے زین قریشی کی اپیلیں منظور کر لیں۔ شاہ محمود قریشی کی جانب سے این اے 150 ، 151 اور پی پی 218 ، پی پی 219 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیلیں دائرکی گئی تھیں ۔

جہلم کی الیکشن ٹربیونل نے سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد کو جہلم کے صوبائی حلقہ سے نا اہل قرار دے دیا ۔ الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری کے خلاف دائر اعتراضات کو درست قرار دے دیا، حبا چوہدری کے 3 غیر ملکی دورے اور 9 بینک اکائونٹس نکل آئے، وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)نے ان کے غیر ملکی دوروں اور سٹیٹ بینک نے اکانٹس کا ریکارڈ پیش کردیا۔حبا چوہدری نے بینک اکائونٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے، ان کے کاغذات مسترد اور نا اہل ہونے پر فواد چوہدری کو بھی طلب کرلیا گیا، فواد چوہدری کے این اے 60 اور 61 سے منظور کاغذات کا حکمنامہ بھی واپس لے لیا گیا۔الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ فواد چوہدری نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیوی کے بینک اکائونٹس اثاثے اور غیر ملکی دورے چھپائے ہیں کیوں نہ فواد چوہدری کو بھی حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔