دنیا بھر میں فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام کی سروس ڈاون

تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کروڑوں صارفین کے پاس ورڈز سمیت دیگر معلومات کے ہیک ہونے کے خدشات

اسلام آباد(  ویب نیوز)

پاکستان سمیت دنیا بھر میں منگل کی شب8 بجے بعد نامعلوم تکنیکی مسائل کی وجہ سے فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام اکاونٹس لاگ آوٹ ہوگئے اور کوششوں کے باوجود صارفین لاگ ان کرنے میں ناکام دکھائی دیے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق دنیا بھر میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے میٹا کی زیر ملکیت ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی سروس ڈاون رہی، تاہم کہیں سے واٹس ایپ کی سروس میں مسائل کی شکایات سامنے نہیں آئیں۔تکنیکی مسائل کی وجہ سے دنیا بھر میں صارفین کے فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام اکاونٹس موبائل ایپلی کیشنز اور ڈیسک ٹاپس پر ازخود لاگ آوٹ ہوگئے۔میٹا کے تینوں پلیٹ فارمز کی ایپلی کیشنز اور ڈیسک ٹاپ ورژنز پر کوششوں کے باوجود صارفین لاگ ان نہیں کر پائے جب کہ تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کروڑوں صارفین کے پاس ورڈز سمیت دیگر معلومات کے ہیک ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے۔امریکی میگزین ورائٹی کے مطابق دنیا بھر کمیں 5 مارچ کی رات کو 8 بجے کے بعد صارفین کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاونٹس ازخود لاگ آوٹ ہوگئے اور صارفین کو اپنے اکاونٹس تک رسائی کرنے میں مشکل کا سامنا رہا۔انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی سروسز پر نظر رکھنے والے ادارے ڈاون ڈیٹیکٹر کے مطابق 5 مارچ کی رات کو دنیا بھر کے صارفین نے میٹا کی زیر ملکیت فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کی شکایات کیں۔ادارے کے مطابق زیادہ تر صارفین نے اپنے اکاونٹس ازخود لاگ آوٹ ہونے اور پھر دوبارہ لاگ ان ہونے میں مشکلات کی شکایات کیں۔فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام میں خرابی سے قبل پاکستان میں ٹوئٹر کی سروس بھی گزشتہ دو ہفتے سے بند ہے۔۔