انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ 15دن بڑھادی گئی ہے،ایف بی آر

وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی کے سی سی آئی کے وفد سے بھی ملاقات کے دوران انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 15 یوم کی توسیع کا اعلان کردیا

ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ جرمانے بھی بھریں تو پھر شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں ملتے، کے سی سی آئی کا شکوہ

اسلام آباد/ کراچی( ویب  نیوز)وزیر خزانہ شوکت ترین اورایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 15دن کی توسیع کردی ۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ 15 اکتوبر تک بڑھادی گئی۔واضح رہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی، مگر اب ایف بی آر کی جانب سے اس میں توسیع کرتے ہوئے 15اکتوبر تک بڑھادی گئی ہے۔اس سے قبل ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ٹیکس ریٹرنز فائلنگ کی تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی۔ترجمان ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس ریٹرن بروقت جمع نہ کروانے والیتاریخ میں توسیع کی انفرادی درخواست دے سکتے ہیں۔ادھر کراچی میںوزیر خزانہ شوکت ترین نے کراچی چیمبر آف کامرس میں بزنس مین گروپ کے سربراہ زبیرموتی والا سے ملاقات کے دوران انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 15 یوم کی توسیع کا اعلان کردیا ۔کراچی چیمبر کے وفد کی جانب سے وزیر خزانہ کو ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد وزیر خزانہ نے گوشوارے جمع کرانے کے لیے 15 اکتوبر تک توسیع دینے کا اعلان کردیا۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے وفد نے ٹیکس سے متعلق غیر موثر پالیسیوں میں ترمیم کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے ٹیکس قوانین(تیسری ترمیم)آرڈیننس 2021 کے نفاذ پرتحفظات کا اظہار کیا کیونکہ ان قوانین کا نفاذ بھی سب سے پہلے کراچی سے کیا جائے گا۔کراچی چیمبر کے وفد نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ جرمانوں کے حامل تمام قوانین ہمیشہ کراچی سے ہی شروع ہوتے ہیں، کراچی ہی اگر تمام ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ جرمانے بھی بھرے تو اس شہر کے شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں مل رہے، وفد نے متنازعہ آرڈیننس میں ٹرم انڈر فائلرز کو نان فائلرز کے ساتھ تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔