ٹیوٹا کمپنی پاکستان میں ہائبرڈ کار سازی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے،جاپانی سفیر

جاپانی سفیر اور ڈنمار ک میں پاکستانی سفیر کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی علیحدہ علیحدہ ملاقات

پاکستان کے ڈنمارک وجاپان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

جاپانی سفیر اور ڈنمار ک میں پاکستانی سفیر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ،ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے ڈنمارک وجاپان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ بارے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر جاپانی سفیر کا کہناتھا کہ ٹیوٹا کمپنی پاکستان میں ہائبرڈ کار سازی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  ڈنمارک میں تعینات پاکستانی سفیراحمد فاروق نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،دوران ملاقات پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ  خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہاکہ  پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈنمارک کے وزیرخارجہ ژپے کوفو (Jeppe Kofod ) کا حالیہ دورہ  پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی روابط کے فروغ کا مظہر ہے، پاکستان، ڈنمارک کے ساتھ اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے، تجارت، سرمایہ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا متمنی ہے،وزیر خارجہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دو طرفہ کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے پاکستان کے سفیر ایمبیسڈر احمد فاروق کی خدمات کو سراہا،ایمبیسڈر احمد فاروق نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کا یقین دلایا،علاوہ ازیںجاپان کے سفیر کونینوری ماتسودا  نے بھی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی ،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ  خیال کیا گیا، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ  پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، جاپان کے ساتھ متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے،جاپانی سفیر نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ٹیوٹا کمپنی پاکستان میں ہائبرڈ کار سازی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے، جاپانی سفیر نے کہاکہ جاپان، پاکستان سے تربیت یافتہ افرادی قوت کے حصول کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے اس ضمن میں ایک ہزار انجینیرز کے انٹرویو مکمل کیا جا چکے ہیں،پاکستان میں فوڈ پراسیسنگ پلانٹس لگانے کیلئے جاپان کی کئی بڑی کمپنیوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے،جاپانی سفیر نے مزید کہا کہ جائیکا، ملتان میں نکاسی  آب کے نظام میں بہتری لانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی،وزیر خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے جاپانی سفیر کی خدمات کو سراہا،وزیر خارجہ نے جاپانی سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.