لاہور (ویب ڈیسک)

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے بعد امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انٹر بینک میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر 32 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 170 روپے 80 پیسے پر ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ عالمی ریٹنگ کے ادارے فِچ نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2022 میں پاکستانی روپیہ 180 روپے کی سطح پر پہنچ جائے گا۔ جو کہ سابقہ پیشگوئی کے مقابلے میں 15 روپے زیادہ ہے ۔دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران اتار چڑھائو کے بعد 172.80 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس کی 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 45044.50 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.39 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 43 لاکھ 64 ہزار 877 شیئرز کا لین دین ہوا، تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔