طبی سہولیات کے لئے شہری انتظامیہ کی معاونت کی جا رہی ہے،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب ڈیسک)

بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے علاقے ہرنائی میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچ گئے، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خوراک و شیلٹر کا سامان پہنچا دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف اپنے ساتھ ضروری ادویات لے کر متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں،، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خوراک و شیلٹر کا سامان پہنچا دیا گیا، ضروری طبی سہولیات کے لئے شہری انتظامیہ کی معاونت کی جا رہی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ بھی ہرنائی پہنچ چکے ہیں، وہ نقصانات اور ریسپانس کا خود جائزہ لے رہے ہیں،  راولپنڈی سے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو موقع پر بھیجا جا رہا  ، یہ ٹیم ریسکیو کے کاموں کی رفتار کو تیز بنائے گی ،جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیرداخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ تقریبا ًآدھے راستے کھولے جاچکے ہیں۔ انہوں نے  بیان میں کہا کہ کافی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے لیکن جلد سڑکوں کو کلیئرکریں گے، متاثرہ علاقے دور دراز کے علاقے ہیں، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں پہنچنے میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کیلئے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، ہرنائی کے ہسپتال میں سہولیات کافی نہیں اس لیے شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں نقصانات کی اطلاعات ہیں جب کہ زلزلے سے سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ۔