وزیراعظم سمیت سیاسی شخصیات کا ہرنائی میں زلزلے سے ہونیوالے نقصان پر اظہار افسوس

وزیراعظم عمران خان نے ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کر دی

 زلزلے میں جانی نقصان پر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں،عمران خان

اسلام آباد( ویب  نیوز)بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلے سے ہونے و الے جانی و مالی نقصان پر وزیر اعظم عمران خان سمیت سیاسی شخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میں نے ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کر دی ہے جبکہ زلزلے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زلزلے میں جانی نقصان پر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔زلزلے سے نقصانات اور موجودہ صورتحال کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم آفس کو موصول ہو گئی۔۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بلوچستان زلزلے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت امدادی کارروائیوں میں قائدانہ کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ شدید زخمیوں کو ملک کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان زلزلے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت امدادی سرگرمیوں کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے۔۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلوچستان زلزلے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم افسردہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے بھی زلزلے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ زخموں کو سہولیات اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملبے تلے پھنسے افراد کو کوئٹہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت زلزلے سے بے گھر ہونے والوں کی ہرممکن مدد کرے گی۔تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، سپیکر قومی اسمبلی ،چیئرمین سینیٹ ،وفاقی وزراء ،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ،مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔