فاؤنڈیشن ونڈ انرجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) خالد محمودکا آئی سی سی آئی کا دورہ
ونڈ ٹربائن کے پلانٹ لگانے کیلئے حکومت نجی شعبے کو پرکشش مراعات فراہم کرے۔ محمد شکیل منیر
سستی توانائی پیدا کر کے صنعتی شعبے اور معیشت کو بہتر ترقی دی جا سکتی ہے۔ میاں اکرم فرید

اسلام آباد (ویب نیوز ) فاؤنڈیشن ونڈ انرجی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) خالد محمود نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کادورہ کیا اور ونڈ انرجی کی پیداوار میں نجی شعبے کیلئے کاروبارو سرمایہ کاری کے امور پر چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر اور دیگر عہدیداران و بزنس کمیونٹی کے ممبران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدر شیخ عامر وحید، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید، کرنل ریٹائرڈ نوید اختر شیخ اور دیگر میٹنگ میں موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میجر جنرل (ریٹائرڈ) خالد محمود نے کہا کہ ونڈ انرجی کی پیداوار میں نجی شعبے کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا بزنس کمیونٹی ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ونڈ انرجی ماحول دوست اور تیل سے پیدا ہونے والی بجلی کی نسبت سستی ہے لہذا نجی شعبے کی شرکت سے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اپنی کمپنی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن ونڈ انرجی لمیٹڈ اس وقت سندھ کے ضلع ٹھٹہ میں پچاس پچاس میگاواٹ کے دو پاور پلانٹس پر کام کر رہی ہے تا کہ سستی بجلی پیدا کر کے صنعتی ترقی کو بہتر فروغ دیا جا سکے جس سے ہماری معیشت مضبوط ہو گی۔ انہوں نے اس موقع پرچیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد بھی پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیل سے پیدا ہونے والی بجلی کمرشل و صنعتی صارفین کو بہت مہنگی پڑتی ہے جس سے کاروبار کی لاگت بہت بڑھ گئی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پانی، ہوا اور شمسی توانائی کے قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پر توجہ دے جس سے بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا بعض سٹڈی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ایک لاکھ چھتالیس ہزار میگاواٹ ونڈ انرجی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ابھی تک اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گی جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ونڈ ٹربائن تیار کرنے کے پلانٹ لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کرے جس سے ونڈ انرجی کی پیداوار کو بڑھانے میں مدد ملے گی اور کاروباری طبقے سمیت عوام کو سستی بجلی فراہم ہو گی۔


فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا بہتر مستقبل صنعتی ترقی سے وابستہ ہے لیکن تیل سے پیدا ہونے والی مہنگی بجلی اس وقت صنعتی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے جس سے ہمارے لئے علاقائی ممالک کے ساتھ مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کی پیداوار کیلئے تیل پر انحصار کم کرے اور ونڈ، ہائیڈرو اور شمسی توانائی کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ونڈ انرجی میں سرمایہ کاری کیلئے نجی شعبے کو ٹیکس کی چھوٹ سمیت دیگر پرکشش فراعات فراہم کرے تا کہ کاروباری طبقہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کر کے سستی بجلی پیدا کرنے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر سکے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، شیخ عامر وحید، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے توانائی کے سستے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ بجلی کی لاگت کم ہونے سے صنعت وتجارت کو بہتر فروغ ملے اور معیشت پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہو۔