اسلام آباد(ویب  نیوز)

وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی اور وائلڈلائف پالیسی 2021کی منظوری د یتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی ماحول کومحفوظ بنانے کیلئے اہداف مقررکرے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2021 اور وائلڈلائف پالیسی 2021 کی منظوری دے دی۔اجلاس میں مرغزار چڑیاگھرمیں وائلڈلائف انفارمیشن سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دیتے ہوئے کہا گیا کہ مارگلہ ہلزمیں ایک خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کاعلاقہ قرار دیا جائے۔وزیراعظم  نے کہا کہ پاکستان نے 10 ارب درختوں کے پروگرام کو شروع کیا، اس اقدام کی وجہ سے ملک نے گرین چیمپئن کی حیثیت حاصل کی ،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں دنیاکوترقی پذیرممالک کی مددکرنی چاہیے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوامیں بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا، دنیاموسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کے نقش قدم پرچل رہی ہے، عالمی برادری نے موسمیاتی تبدیلیوں پرپاکستان کے کردارکوتسلیم کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی ماحول کومحفوظ بنانے کیلئے اہداف مقررکرے، نیشنل پارکس کی حفاظت کیلئے تربیت یافتہ عملے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔