وزیراعظم سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری کی ملاقات،  وزیراعظم نے  افغان صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا

پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے ۔ بارڈر مارکیٹس کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،عمران خان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات، دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

ایرانی وفد کوعلاقائی سیکورٹی و آپریشنل امور ، پاک فوج  کے تربیتی امور اوردوست ممالک سے تعاون کے علاوہ مختلف مشترکہ فوجی مشقوں پرجامع بریفنگ

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وزیراعظم عمران خان سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایس سی او اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات ہوئی۔ وزیراعظم نے معیشت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تجارت بڑھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے ۔ بارڈر مارکیٹس کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے دو اضافی سرحدی کراسنگ پوائنٹس کھلنے سے نقل و حرکت میں مزید آسانی  پیدا ہوگی ۔ وزیراعظم عمران خان  نے تنازعہ کشمیر پر ایران بالخصوص سپریم لیڈر کی حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف کو افغان صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پرامن و مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ افغانستان کے ساتھ پائیدار معاشی تعلقات چاہتے ہیں۔ عالمی برادری افغانستان کے معاشی استحکام کیلئے کردارادا کرے ۔ افغانستان میں کسی بھی بحران سے بچنے کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاک ایران امن و استحکام سے افغانستان  کا براہ راست تعلق ہے پاکستان پرامن افغانستان اور پائیدار معیشت کا خواہشمند ہے افغانستان میں معاشی تباہی کو روکنے کیلئے اقدامات کرنا چاہیے۔ افغانستان میں کسی بھی بحران سے بچنے کیلئے  انسانی ہمدردی کی بنیاد پر  فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کو دہرایا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی ،ملاقات میں  علاقائی امن کے فروغ اور انسداددہشت گردی کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر ایرانی چیف آف جنرل سٹاف میجرجنرل محمد باقری کو پاک فوج کے چاک و چوبنددستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔میجرجنرل محمد باقری نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے اورشہدا ئے پاکستان کے لیے فاتحہ بھی پڑھی ،بعد میں  ایرانی چیف آف  جنرل سٹاف میجرجنرل محمد باقری نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی ، افغان صورتحال ،علاقائی  سکورٹی اور سرحدی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کے عمل پر خاص طور پربات  چیت ہوئی۔ دونوں نے علاقائی امن کے لئے دفاعی تعاون کو مزیدبڑھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیااور دہشت گردی کے مشترکہ دشمن سے مل کر نمٹنے کا بھی عزم کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ملک ہیں ،دونوں ملکوں کا قریبی تعاون خطے کے امن و استحکام کیلئے اہم ہے، جبکہ ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے فوجی رابطوں کو مزیدفروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہاکہ انسداد دہشت گردی اور تربیتی امور میں بھی تعاون ناگزیر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وفود کی سطح کے اجلاس میں ایرانی وفد کو علاقائی سیکورٹی اور آپریشنل امور پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ایرانی وفد کو پاک فوج  کے تربیتی امور اوردوست ممالک سے تعاون کے علاوہ مختلف مشترکہ فوجی مشقوںسے بھی آگاہ کیا گیا۔