یوفون نے صارفین کے لیے فیس بک سے کال اور ڈیٹا بنڈل خریدنے کی سہولت فراہم کردی

اسلام آباد۔ (ویب نیوز )

پاکستانی ٹیلی کام کمپنی، یوفون نے فیس بک کے اشتراک سے فیس بک موبائل سینٹر کا آغاز کردیا ہے جو یوفون صارفین کو فیس بک پر موبائل کال اور ڈیٹا بنڈل خریدنے سمیت دیگر خدمات نہایت باسہولت طریقے سے فراہم کرے گا۔ موبائل سینٹر کی مدد سے یوفون صارفین، فیس بک ایپ اور براؤزر دونوں سے کال اور ڈیٹا بنڈل خرید سکیں گے۔

موبائل سینٹر کا اجراء یوفون کی جانب سے اپنے صارفین کو شاندار سہولیات اور آسانی فراہم کرنے کی دیرینہ کوششوں کا تسلسل ہے جو کمپنی اپنی ڈیجیٹل خدمات اور مصنوعات میں مسلسل جدت طرازی کے ذریعے ممکن بناتی ہے۔یوفون نے متعدد ادائیگی چینلز متعارف کرا کے صارفین کی جانب سے کمپنی کو ادائیگیوں کے طریقہ کار کو نہایت آسان اور باسہولت بنادیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں پھیلا ہوا یوفون ریٹیلر نیٹ ورک صارفین کو ہر وقت مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔

فیس بک کے ساتھ حالیہ اشتراک سے یوفون صارفین اب محض چند کلکس کی مدد سے موبائل لوڈ اور وائس و ڈیٹا بنڈل خرید سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ فیس بک ایپ اور براؤزر سے یوایڈوانس لون کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ ائیرٹائم بھی خرید سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صارفین ایپ یا براوزر کے ذریعے اپنے فیس بک اکاؤنٹ میں لاگ ان ہو کر ’بائی ڈیٹا‘ یعنی ’ڈیٹا خریدیے‘ کی آپشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد متعدد ڈیٹا پیکجز کی آپشنز کھل جائیں گی جہاں سے مرضی کا پیکچ خریدا جاسکتا ہے یا یوایڈوانس رقم حاصل کی جاسکتی ہے۔ آخر میں ’کنفرم‘ کا آپشن منتخب کرکے یہ مرحلہ مکمل کیا جاسکتا ہے۔

فیس بک سینٹر کی بدولت یوفون صارفین کو کال اور ڈیٹا بنڈل کے حصول کا ایک اضافی چینل حاصل ہوگا جس سے انھیں کا مزید سہولت ملے گی۔