ٹی 20 ورلڈ کپ: یکطرفہ میچ میں پاکستان کی بھارت 10وکٹوں سے شکست

قومی ٹیم ورلڈکپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی

تین وکٹیں لینے والے شاہین شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

دوبئی( ویب  نیوز)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔قومی ٹیم ورلڈکپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔تین وکٹیں لینے والے شاہین شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔دوبئی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما کھاتا کھولے بغیر پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔اسکور ابھی 6 تک پہنچا ہی تھا کہ دوسرے اوپنر لوکیش راہل بھی شاہین کی گیند نہ سمجھ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں تیسری وکٹ کے لیے 25 رنز جوڑ کر اسکور کو 31 تک پہنچایا۔اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، پاکستان نے چھٹے اوور میں حسن علی کو بالنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے 11 رنز بنانے والے سوریا کمار یادیو کو چلتا کردیا، محمد رضوان نے شاندار کیچ لے کر ٹی20 کرکٹ میں کیچوں کی سنچری مکمل کر لی۔محمد حفیظ بالنگ کے لیے آئے تو پاکستان نے کیچ کی اپیل مسترد ہونے پر ریشابھ پنت کے خلاف ریویو لیا لیکن فیلڈ امپائر کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستان کا ریویو ضائع ہو گیا۔اننگز کے 12ویں اوور میں ریشابھ پنٹ نے جارحانہ انداز اپنایا اور حسن علی کو لگاتار 2 چھکے لگانے سمیت اوور میں 15 رنز بنائے لیکن اگلے ہی اوور میں شاداب خان کی گیند پر چھکا لگنے کی کوشش میں وہ اونچا شاٹ کھیل بیٹھے اور بالر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لینے میں کوئی غلطی نہ کی۔بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز نے آؤٹ ہونے سے قبل 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسرے اینڈ سے کپتان ویرات کوہلی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کر لی۔رویندرا جدیجا نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن حسن علی کو چھکا لگانے کی کوشش میں متبادل کھلاڑی کو کیچ دے بیٹھے

۔شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بالنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی کپتان کوہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا، کوہلی نے 49 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔اپنے اسپیل کی آخری گیند پر شاہین نے نوبال کردی اور فری ہٹ پر پانڈیا نے ایک رن لیا اور انہیں رن آٹ کرنے کے لیے شاہین کی جانب سے کی گئی تھرو پر چوکا ہو گیا اور یوں انہوں نے اپنے اسپیل کی آخری گیند پر 10 رنز دے دیے۔اننگز کے آخری اوور میں حارث رف نے پانڈیا کو پویلین لوٹا دیا اور بھارت کی ٹیم ساتویں وکٹ سے محروم ہو گئی۔بھارت نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کے لیے 152 رنز ہدف دیا ہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ حسن علی نے دو اور شاداب اور حارث نے ایک، ایک وکٹ لی۔تین وکٹیں لینے والے شاہین شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد رضوان نے بھوونیشور کمار کو چوکا اور چھکا لگا کر ان کا استقبال کیا۔اس کے بعد فاسٹ بالرز کے خلاف قومی بلے بازوں نے باآسانی رنز کیے لیکن اسپنرز کے خلاف وہ جدوجہد کرتے نظر آئے۔بابراعظم کو ابتدا میں رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پھر انہوںنے رویندرا جدیجا کو چھکا اور ورن چکراورتھی کو چوکا لگا کر جارحانہ انداز اختیار کیا۔اننگز کے 13ویں اوور میں محمد رضوان اور بابر دونوں نے ورن کو چھکے لگا کر پاکستان کی سنچری مکمل کرائی جبکہ قومی ٹیم کے کپتان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔بابر کے بعد رضوان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی اور بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنارکیا۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ ہم بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی پہلے بالنگ ہی کرتے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 ٹی 20 مقابلے ہوئے ہیں جن میں قومی ٹیم کو صرف ایک مرتبہ فتح حاصل ہوئی۔تاہم اگر ٹی20 ورلڈکپ کی بات کی جائے تو دونوں حریف 5 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں اور اس میں پانچوں مرتبہ فتح بھارت کے حصے میں آئی ہے۔یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ کے اربوں شائقین اپنی ٹیلی ویژن اسکرینز کے سامنے ہوں گے جبکہ تقریبا 30 ہزار تماشائی اسٹیڈیم میں میچ دیکھیں گے۔