گجرات  میں ایمرجنسی نافذ ،راولپنڈی میں فیض آباد انٹر چینج سے صدر تک مری روڈ تاحال بند

گوجرانوالہ (ویب ڈیسک)

لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے والی کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے کارکن تیسرے روز بھی وزیرآباد میں موجود رہے،سڑکیں بند،نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا ۔تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے کارکنان کی جانب سے دیئے جانے والے دھرنے کے سبب گوجرانوالا اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج اور انٹرنیٹ سروس بھی  بند رہی ۔ دھرنے کے باعث  وزیر آباد میں ایک ہفتے سے دکانیں بند اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ر ہیں۔   وزیر آباد میں  تمام شادی ہال بھی بند کر دیے گئے تھے جبکہ شہر کے داخلی  و خارجہ راستوں پر رینجرز  اہلکار تعینات رہے اور جگہ جگہ رکاوٹیں اور کنٹینر لگا کر سڑکیں بند کر دی گئیں۔ ادھر گجرات میں  بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، وزیر آباد سے گجرات جانے والے راستے بھی بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ۔ کالعدم تنظیم کے لانگ مارچ کے باعث راولپنڈی میں بارہویں روز بھی راستے بند رہے جس کے سبب  شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ راولپنڈی میں فیض آباد انٹر چینج سے صدر تک مری روڈ تاحال بند اور اسلام آباد ایکسپریس وے کا واحد راستہ کھلا ہے۔