رحیم یار خان (ویب ڈیسک)
وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے مری میں آل پاکستان وائس چانسلرز کانفرنس کے موقع پر چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام و سپیشل ایڈوائزر ٹو پرائم منسٹر برائے یوتھ افیرز عثمان ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے چیئرمین یوتھ پروگرام کو یونیورسٹی میں ہونے والی ڈویلپمنٹ کے بارے بریفنگ دی۔ نوجوانوں کی ہنر مندانہ تربیت کے لئے یونیورسٹی میں گذشتہ سال جنوری میں قائم ہونے والے ساؤتھ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کے بارے میں بھی بتایا جہاں سے ہنرمندانہ تربیت حاصل کر کے دو ہزار سے زائد نوجوان برسر روزگار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت مستقبل قریب میں یونیورسٹی میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لئے پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دسمبر 2021 میں خواجہ فرید یونیورسٹی کا وزٹ بھی کریں گے اور یونیورسٹی کے ساؤتھ پنجاب کے نوجوانوں کی بہتری کے لئے شروع کئے جانے والے تمام منصوبوں کی کامیابی کے لئے ہر ممکن معاونت بھی فراہم کریں گے۔