تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج رائے ونڈ میں شروع ہو گا

رائے ونڈ (ویب  نیوز)تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج رائے ونڈ میں شروع ہو گا ،مندوبین کی آمد کا سلسلہ جاری ،شہر کے باہر وسیع وعریض میدان میں خیموں کی بستی آباد ہو گئی ،سرکاری افسران کی چھٹیاں منسوخ ،سیکورٹی کے سخت انتظامات ،اجتماع میں 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ۔تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع آج جمعرات کی شام کو رائے ونڈ کے وسیع وعریض میدان میں بعداز نماز عصر امیر جماعت مولانا نذرالرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہو کر اتوار کی صبح اختتامی دعا پر اختتام پذیر ہوگا اجتماع گاہ میں شرکت کرنیوالے تمام افراد کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے کلوز سرکٹ کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں ،امسال اجتماع میں شرکاء کی بھرپور تعداد شرکت کررہی ہے ،اجتماع کے ایام میں شہر میں ٹرانسپورٹرز مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں آرٹی سیکرٹری سمیت دیگر اداروں کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے مندوبین کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ،شہر کی مصروف ترین شاہرائوں سندر روڈ ،ریلوئے روڈ ،مانگا روڈ ،تبلیغی مرکز روڈ پر تجاوزات کی بھرمار ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ کارروائی سے گریزاں ہے ،پنڈال کا کرایہ بیس سے تیس روپے فی کس وصول کیا جارہا ہے جبکہ مقامی ہوٹل مالکان بھی منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں ،اجتماع گاہ کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا دئیے گئے ہیں جبکہ مشتبہ افراد کی خفیہ نگرانی کیلئے سفید کپڑوں پولیس اہلکار وں سمیت خفیہ اداروں کے اہلکار دن رات ڈیوٹی سرانجام دیں گے اجتماع میں غیر ملکی مہمانوں کے قیام وطعام کیلئے حلقہ بیرون قائم کیا گیا ہے جہاں دنیا بھر سے آنیوالے مندوبین کیلئے مختلف انواع واقسام کے کھانوں سے تواضع کی جائیگی جبکہ بذریعہ ریل گاڑی آنیوالے مندوبین کیلئے ریلوئے اسٹیشن پر استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں جہاں انکی رہنمائی اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے ریلوئے پولیس کی طرف سے تبلیغی مندوبین کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں امسال اجتماع کیلئے پنجاب پولیس کی طرف سے سینکڑوں اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ لیسکو حکام بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے سینکڑوںہلکار دن رات تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں عالمی اجتماع کے ایام میں تبلیغی مرکز بند رہے گا تمام کارکنان کو پنڈال میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔