رواں برس کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات میں 10.6 ارب ڈالر کا اضافہ
اسلام آباد( ویب نیوز)بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے اکتوبر میں دو ارب 50 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجی گئی ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے دو ارب 50 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی گئیں۔جون 2020 سے ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زیادہ رہی ہیں جبکہ گزشتہ سات مہینوں سے مسلسل اوسطا 2.5 ارب ڈالر یا اس سے زیادہ موصول ہو رہے ہیں۔رواں برس کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات میں 10.6 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 11.9 فیصد زیادہ ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 2021 کے پہلے چار ماہ میں موصول ہونے والی ترسیلات زر میں سب سے زیادہ 2.7 ارب ڈالر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھجوائے، دو ارب ڈالر متحدہ عرب امارات سے، 1.5 ارب ڈالر برطانیہ سے جبکہ 1.1 ارب ڈالر ترسیلات امریکہ سے بھجوائی گئی ہیں۔سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ حکومت اور ایس بی پی کی جانب سے متحرک پالیسی اقدامات کیے گئے ہیں جن کے تحت رسمی ذرائع کے استعمال کی ترغیب دی گئی، کورونا کے باعث سرحد پار سفر میں کمی واقع ہوئی، وبا کے دوران بھی پاکستان پیسے ٹرانسفر کیے گئے، غیر ملکی زر مبادلہ کی مارکیٹ کی صورتحال بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں مثبت انداز میں ترسیلات زر پر اثر انداز ہوئی ہے۔