عوام دشمن قانون سازی کی بھرپور مخالفت کی جائے گی،متحدہ اپوزیشن

یکطرفہ، زبردستی قانون سازی ہوئی تو عدالت میں چیلنج کریں گے، اجلاس میں اتفاق

اسلام آباد(ویب  نیوز) متحدہ اپوزیشن نے اتفاق کیا ہے کہ عوام دشمن قانون سازی کی بھرپور مخالفت کی جائے گی، حکومت نے یک طرفہ اور زبردستی قانون سازی کی تو اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف، صدر ن لیگ شہباز شریف سے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں مولانا اسعد محمود اور دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری اور شہبازشریف نے اتفاق کیا کہ عوام دشمن قانون سازی کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔اپوزیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی ایسی قانون سازی کے خلاف احتجاج ہو گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ متحدہ اپوزیشن نے 3 رکنی کمیٹی کو ٹاسک دے دیا، اس کمیٹی میں فاروق نائیک، اعظم نذیر تارڑ اور کامران مرتضی شامل ہیں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل شہباز شریف کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم کا پارلیمانی اجلاس بھی ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ نون اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمتِ عملی طے کی گئی ہے۔