پاکستان کی خوشحالی، بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے، آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا ء سے گفتگو

 

راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کا کام جاری رکھے گی جو قومی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔وہ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا ،کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آٹھویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے شرکاء نے ملاقات کی ۔ ملاقات ورکشاپ کا حصہ تھی جو یکم سے 27 نومبر تک کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج کے لئے بلوچستان کے عوام کی پرعزم حمایت کے نتیجے میں صوبے میں استحکام پیدا ہوا اور سماجی اقتصادی ترقی پر پیش رفت حقیقت ثابت ہوئی۔۔ پاکستان کی خوشحالی، بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔ دشمن پاکستان کے امن اور استحکام کے درپے ہے۔ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی، جامع حکمت عملی سے ناکام بنا رہے ہیں۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز جامع قومی ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں۔ پاکستان نے مغربی علاقے کے موثر انتظام پر کلیدی توجہ دی۔ بہتر سرحدی انتظام کے باعث پاکستان افغان صورتحال سے محفوظ رہا۔ سرحدی اور داخلی سلامتی کو یقینی بناتے رہیں گے۔ قومی ترقی کے لیے سرحدی اور داخلی سلامتی ناگزیر ہے۔دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے قوم کی ان گنت قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے میں قوم نے لازوال قربانیاں دی،آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بڑی محنت کے بعد حاصل کیے گئے امن کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور امن کی دشمن طاقتوں کے مذموم مقاصد کو جامع حکمت عملی اور ہم آہنگی کے ذریعے ناکام بنایا جاسکتا ہے،اس دوران آرمی چیف نے شرکاء کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے ۔اس موقع پر شرکا نے آرمی چیف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔