مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید،دوسرے روز ہڑتال سے زندگی مفلوج
سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے،کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل
حریت کانفرنس کا نہتے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے یواین سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

سرینگر ( ویب نیوز  ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیاہے،ریاست میں بھارتی فوج کے ہاتھوں فرضی جھڑپوں میں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ کو ملسل دوسرے روز بھی ہڑتال رہی جبکہ مظاہرے کئے گئے ،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ،کے پی آئی کے مطابق قابض فوج نے جمعہ کو ایک اور کشمیری شہید کردیا ،فوجیوںنے نوجوان کو پونچھ ضلع کے علاقے بھمبرگلی میں ایک پر تشدد آپریشن کے دوران شہید کیا۔آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا ا پریشن جاری تھا۔ یاد رے کہ بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع علاقوں سرنکوٹ ، مینڈھر ، تھنہ منڈی اور دیگر مقامات پر گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیرمیں جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکے رہ گئی،سرینگر سمیت وادی کے طول وعر ض میں تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر تھی ،سرینگر کے ئین شہر کے علاوہ رام باغ اور نٹی پورہ میں کاروباری و تجارتی مراکزبند رہے جبکہ کئی علاقوںمیں انٹرنیٹ سروس کو بھی منقطع کیا گیا۔رام باغ میں بدھ کی شام پلوامہ اور پائین شہر کے تین شہریوں کی فرضی جھڑپ میںہلاکت پرشہر کے پائین علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہیں،  ۔ اکثر علاقوں میں دکانیں بند پڑی ہوئی تھیں جس وجہ سے بازار سنسان او ر ر ویران نظر آرہے تھے ۔ انتظامیہ نے دن بھر شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سہولیات کو بھی منقطع کیا۔ صورتحال کے پیش نظر  پائین شہر کے نوہٹہ، گوجوارہ، بہوری کدل، راجوری کدل، کاوڈارہ، جمالٹہ، نوا کدل علاقوں میں فورسزکی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اسی طرح کی صورتحال رام باغ اور نٹی پورہ میں بھی تھی ۔ کاروباری ادارے بند رہے،کئی مقامات پر لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ ،ہڑتال کی کال حریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ نے دی تھی ،انہوں نے جیل سے اپنے پیغام میں کہاتھا کہ بھارتی فوج جعلی مقابلوں میں بڑے پیمانے پر نہتے کشمیریوں کو شہید کررہی ہے، کشمیری عوام کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوں کو نہیں دبا سکتا۔حریت کانفرنس کا کہناہے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کی نسل کشی کے بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لیں اور نہتے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کریں۔