پیمراکا معروف صحافی نجم سیٹھی کے پروگرام پر نجی ٹی وی کو شوکاز نوٹس

7روز میںشوکاز نوٹس کا تحریری جواب دیا جائے،ورنہ یکطرفہ کارروائی ہوگی

اسلام آباد( ویب  نیوز)

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے معروف صحافی نجم سیٹھی کے پروگرام کا نوٹس لیتے ہوئے نجی ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ نجی ٹی وی چینل24 نیوز کو پیمرا کی جانب سے  جاری کیا گیا نوٹس تین صفحات پر مشتمل ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے نام پر جاری شوکاز نوٹس گرومانگٹ روڈ گلبرگ لاہور کے ایڈریس پر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  نجی ٹی وی نے 24 نومبر2021 کو رات 10 بج کر 5 منٹ پر نجم سیٹھی شو نشر کیا جس میں شو کے  میزبان نجم سیٹھی نے کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے  دی گئی لانگ مارچ کی کال پر انتہائی قابل اعتراض ریمارکس دئیے  جو تشدد پر اکسانے کی وجہ بن سکتے ہیں۔ بدقسمتی سے وہ ریمارکس بغیر کسی ایڈیٹوریل کنٹرول کے نشر ہوئے۔ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے کمنٹس پیمرا آرڈیننس 2002ء کی شق20 کی خلاف ورزی ہیں۔ یہ کمنٹس پیمرارولز، ٹیلی ویژن براڈ کاسٹ اسٹیشن آپریشن ریگولیشنز2012 الیکٹرانک میڈیا پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹ قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ پیمرا کی طرف سے جاری کیے گئے  شوکاز نوٹس میں پیمرا آرڈیننس کی شق 20  اور دیگر متعلقہ شقوں کو شامل کیا گیاہے جن میں ٹی وی لائسنس حاصل کرنے کی شرائط شامل ہیں۔ الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ میں  نیوز اور کرنٹ افیئرز کے پروگرام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ٹی وی کا لائسنس حاصل کرنے والا اور ٹی وی کے ملازمین یقینی بنائیں گے کہ جو بھی معلومات نشر کی جارہی ہے وہ جھوٹی اور گمراہ کن نہیں ہے۔ پروگرام غیر جانبدارانہ طریقے سے  نشر کیا جائے گا۔ ٹی وی چینل کا لائسنس  لینے والا یہ یقینی بنائے گا کہ جو بھی پروگرامات نشر ہورہے ہیں اس کے مندرجات پروگرام نشرہونے سے قبل چیک کیے جائیں گے کہ وہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ہیں یا نہیں۔ لائسنس حاصل کرنے والا موثر مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرولر رکھتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد  یقینی بنائے گا۔ ٹی وی کا لائسنس حاصل کرنے والا ان ہائوس مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے کر پیمرا کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ لائسنس حاصل کرنے والا  یقینی بنائے گا کہ کسی مہمان  یا ادارے کے ملازم  کی طرف سے کی گئی کوئی بھی نفرت انگیز بات نشر نہیں کی جائے گی۔یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ پروگرام میں کسی کو پاکستان مخالف غدار یا اسلام مخالف نہیں کہا جائے گا۔ ٹی وی چینل پر کسی بھی شہری کو کافر، پاکستان دشمن، اسلام یا کسی دوسرے مذہب کا مخالف نہیں کہا جائے گا۔ پیمرا نے اپنے  شوکاز نوٹس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر سنٹرل میڈیا نیٹ ورک کو ہدایت کی ہے کہ 7روز کے اندر شوکاز نوٹس کا تحریری طورپر جواب دیا جائے اور بتایا جائے کہ کیوں نہ ان کیخلاف قانونی ایکشن جس میں جرمانہ ،لائسنس کی معطلی یا لائسنس کی منسوخی سمیت دیگر ایکشن لئے جائیں اور چینل کیخلاف پیمرا قوانین کے تحت کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ پیمرا نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں یا اپنے کسی مجاز نمائندے کے ذریعے پیش ہوں اور تحریری جواب جمع کروائیں۔اگر سی ای او کی جگہ کوئی دوسرا پیش ہو تو چیف ایگزیکٹو یا کمپنی کے سیکرٹری کی طرف سے  جاری کیا گیا اتھارٹی لیٹر لے کر3دسمبر کو پیمرا ہیڈ کوارٹر میں ساڑھے 11بجے پیش ہو۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس حکم پر عمل نہ کیا گیا توچینل کی انتظامیہ کی عدم موجودگی میں لائسنس حاصل کرنے والے کیخلاف  پیمرقانون کے مطابق قانونی ایکشن لیا جائے گا۔ یہ شوکاز نوٹس ڈپٹی  جنرل منیجر آپریشنزعمیر اعظم کے دستخط سے جاری کیا گیاہے جس کی کاپیاں تمام متعلقہ افسران کو بجھوا دی گئی ہیں۔