ہاکی جونیئر ورلڈ کپ: رضوان کی ہیٹ ٹرک، پاکستان نے مصر کو شکست دے دی

بھونیشور ،لاہور(ویب  نیوز)بھارت کے شہر بھونیشور میں کھیلے جارہے ہاکی جونیئر ورلڈ کے گروپ میچ میں پاکستان نے رضوان علی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت مصر کو 1-3 سے شکست دے دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کھیل کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا اور دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے لیے تابڑ توڑ حملے کیے۔رضوان علی نے میچ کے 19 منٹ میں پنالٹی کارنر پر پہلا گول داغ دیا جس کے بعد 32 ویں منٹ اور 53 ویں منٹ میں مزید دو گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔مصر کے عواد حسین نے میچ کے 22 ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کے مارجن کو کم کیا۔پی ایچ ایف نے مصر کے گول کیپر محمد سلیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جونیئر کھلاڑی نے بہتر کھیل پیش کیا اور مصری گول پوسٹ پر کئی مرتبہ گیند پہنچانے کی کوشش کی۔پاکستان کے نائب کپتان معین شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔معین شکیل نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم اپنے کوچ کے احکامات پر عمل کیا اور پنالٹی کارنرز پر فائدہ اٹھایا۔خیال رہے کہ ہاکی جونیئر ورلڈ کپ میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہے ہیں، بھارت کے شہر بھونیشور کے کالینگا اسٹیڈیم میں جاری جونیئر ورلڈ کپ کا آغاز 24 نومبر کو ہوا تھا اور 5 دسمبر تک جاری رہے گا۔پاکستان پول ڈی میں ہے جہاں ارجنٹینا، مصر اور جرمنی شامل ہیں۔پاکستان کو 24 نومبر کو گروپ کے پہلے میچ میں جرمنی کے ہاتھوں 2-5 سے شکست ہوئی جبکہ گروپ میں اپنا آخری میچ کل ارجنٹینا سے ہوگا۔جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت روانگی سے قبل قومی جونیئر ٹیم کے ہیڈکوچ دانش کلیم نے کہا تھا کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ کووڈ-19 وبا کے باعث مسائل کے باوجود کھلاڑیوں نے ایونٹ کے لیے سخت محنت کی ہے۔