تیسرا ٹی20 ‘پاکستان کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو کلین سوئپ شکست

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے،پاکستان نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی

میرپور (ویب  نیوز) پاکستان نے بالرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی20میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں3-0سے کلین سوئپ کر لیا۔تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں سیریز کے پہلے دونوں میچز بھی کھیلے گئے تھے۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک بار پھر اس کی اوپننگ جوڑی ناکام رہی اور 7کے مجموعے پر نجم الحسین شانتو 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دہانی نے اپنے پہلے ہی اوور میں نجم الحسین کی وکٹیں بکھیر دیں۔شمیم حسین نے محمد نعیم کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 37رنز تک پہنچایا لیکن اس موقع پر وہ عثمان قادر کی گیند پر کیچ آٹ ہوگئے۔محمد نعیم نے اور عفیف حسین نے ٹیم کی پوزیشن بہتر کرنے کا بیڑا اٹھایا اور اسکور 80تک پہنچا جس کے بعد عفیف حسین کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔اننگز کے آخری تین اوورز میں بنگلہ دیش کی 4 وکٹیں گریں جن میں محمد نعیم بھی شامل تھے جنہوں نے 47رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2، 2 جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 25گیندوں پر 19رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر محمد رضوان کا ساتھ دینے حیدر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 51رنز کی شراکت قائم کی۔محمد رضوان نے 43گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 40رنز بنائے لیکن شاہد الاسلام نے ان کی وکٹیں بکھیر کر ٹیم کو دوسری کامیابی دلا دی۔حیدر علی کا ساتھ دینے سرفراز احمد آئے لیکن وکٹ کیپر بلے باز پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے جس کی وجہ سے درکار رن ریٹ بڑھتا گیا۔آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے 8رنز درکار تھے لیکن اوور کی دوسری ہی گیند سرفراز احمد بائونڈری پر کیچ ہو گئے۔پاکستان کو اگلا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر حیدر بھی چھکا مارنے کی کوشش میں بائونڈری پر کیچ ہو گئے، حیدر نے 38گیندوں پر 2چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 45رنز بنائے۔افتخار نے آتے ہی چھکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر وہ بھی کیچ ہو گئے جس کی بدولت محموداللہ نے تیسری وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو آخری گیند پر فتح کے لیے دو رنز درکار تھے لیکن آخری گیند سے قبل کچھ ڈرامائی لمحات بھی دیکھنے کو ملے۔ بنگلہ دیشی کپتان نے آخری گیند کرائی لیکن نواز نے گیند وکٹ پر پہنچنے سے قبل ہی وکٹ چھوڑ دی اور امپائر نے اس گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جبکہ اگلی گیند پر محموداللہ نے رن اپ مکمل کرنے کے بعد بھی گیند نہ پھینکی۔ تاہم یہ ڈرامائی لمحات اس وقت اختتام کو پہنچے جب نواز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے بعد 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔ پاکستان نے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 3-0سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔حیدر علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے ان کی سرفراز احمد سے ڈیبیو کیپ حاصل کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی،  پلیئنگ الیون میں سرفراز کو بھی شامل کیا گیا ۔