حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل فی الفور حل کرے : پیاف

مسائل کی موجودگی میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھ رہا ہے اور کاروبارترقی نہیں کر پارہے:  ناصر حمیدخان، جاوید اقبال صدیقی

لاہور  (ویب ڈیسک)

چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف)  ناصرحمید خان نے وائس چیئرمین پیاف جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ تاجروں وصنعتکاروں کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ حکومت گیس بحران پر قابو پائے اور اور صنعتوں کو بلا تعطل گیس فراہمی کے موثرا قدامات کے ساتھ ساتھ بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے۔ٹیکسوں اور انفراسٹرکچر سمت دیگر مسائل ہنوز حل طلب ہیں اور انکی موجودگی میں بجلی گیس کی قیمتیں بڑھنے سے مزید مسائل جنم لیں گے اور ان جملہ مسائل کی موجودگی میں کاروبار ترقی نہیں کر سکتے لہٰذا حکومت کاروباری ماحول کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سازگار پالیسیاں بنائے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل فی الفور حل کئے جائیں تاکہ کاروباری طبقہ ان مسائل میں الجھنے کی بجائے اپنی پیداواری اور تجارتی صلاحیت کو بڑھا سکے اور برآمدات بڑھانے کے وزیراعظم کے ویژن کو سپورٹ مل سکے۔ ملک بھر میں بجلی کی قلت اور گیس بحران نے صنعتوں اور تاجروں سمیت عوام کو بری طرح متاثرکیا ہے۔آئی ایم ایف کی ٹیکس چھوٹ کے خاتمے کی شرائط قابل قبول نہیں ہے، حکومت زمینی حقائق کو پیش نظر رکھے اورتاجر و صنعتکار کش پالیسیوں سے باز رہے.