بھارت بابری مسجد کی جگہ پرمندرکی غیرقانونی تعمیررکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے:پاکستان

بھار ت میں مساجد اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے،ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد(ویب  نیوز)پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اوردوسری عالمی تنظیموں پر زوردیا ہے کہ  وہ مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو ہندوتوا انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کیلئے بھارت پر دبا وڈالے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارندوں کی جانب سے بابری مسجد کو شہید کرنے کے المناک واقعے کو انتیس برس مکمل ہونے کے موقع پر  ایک بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ عالمی اداروں کو  بھارت کے اندر تمام اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا موثر طورپر تحفظ یقینی بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں انتیس برس قبل بھارت میں مسلمانوں اور ان کے ورثے کیخلاف ریاستی سرپرستی میں نفرت کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کو شہید کرنے کے دل گرفتہ مناظر ابھی تک ناصرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں بلکہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ پرمندر کی غیرقانونی تعمیر رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے، بابر ی مسجد کی اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے اور بھارت میں مساجد اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں تمام اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کا تحفظ اور مذہبی آزادی یقینی بنانے کیلئے با مقصد اقدامات کئے جائیں۔