رانا شمیم کا نام ابھی پی این ایل آئی میں شامل کیا ،شیخ رشید
ای سی ایل میں نام ڈالنے کیلئے میٹنگ ہوگی، ملک کو بدنام کرنیوالوں کیخلاف سخت اقدام کا فیصلہ کیا ہے
اپوزیشن نے 4 ماہ کا وقت کمپنی کی مشہوری کیلئے دیا ہے، پی ڈی ایم سے درخواست ہے 30 مارچ کو آئیں،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رانا شمیم کا نام ابھی پی این ایل آئی میں شامل کردیا گیا، ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے میٹنگ ہوگی، ملک کو بدنام کرنیوالوں کیخلاف سخت اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پاکستان آنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے میں دستاویزات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ23مارچ کو پریڈ کی وجہ سے راستے بند ہوں گے پھر اپوزیشن والے کہیں گے حکومت ذمہ دار ہے، اپوزیشن نے 4 ماہ کا وقت کمپنی کی مشہوری کیلئے دیا ہے، پی ڈی ایم سے درخواست ہے 23 کے بجائے 30 مارچ کو آئیں، پی ڈی ایم میں کوئی اتفاق نہیں، ایف آئی اے سے کہا ہے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالے، ملک میں بحران پیدا کرنیوالوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی کمپنیاں غریبوں کا خون چوستی ہیں، پاکستان میں ای پاسپورٹ شروع ہونے جا رہا ہے، 191 ممالک میں آن لائن پاسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں، خواہش ہے 100 روز میں ای پاسپورٹ شروع ہو جائے، دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد ایک کروڑ ہے، اوورسیز پاکستانی اپوزیشن والوں سے ناراض ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے۔