پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، 21 دسمبر کوکوریا سے مقابلہ ہوگا
پاکستان نے بنگلادیش کو 2-6 گول سے شکست دیکر پول پوزیشن میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی
ڈھاکا(ویب نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا سامنا کوریا سے 21 دسمبر کو ہوگا۔بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپینز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں پاکستان نے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی۔ رابن رانڈ میچز کے سلسلہ میں آخری میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 2-6 گول سے شکست دے کر پول پوزیشن بہتر بناتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قدم جما دئیے۔پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 10ئپوائنٹس کے ساتھ پہلی، کوریا 6ئپوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ پاکستان پانچ پوائنٹس اور بہتر گول ایوریج کے ساتھ تیسری اور جاپان 5ئپوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔پاکستان اور بنگلا دیش میچ میں بنگلا دیش نے پہل کرتے ہوئے میچ کے پہلے کواٹر کے 13ویں منٹ میں ارشد حسین کی مدد سے فیلڈ گول اسکور کرکے برتری حاصل کرلی۔ کھیل کے 14ویں منٹ میں پاکستان کے احمد ندیم نے فیلڈ گول کے ذریعے گول اسکور کرکے بنگلا دیش کی برتری کا خاتمہ کردیا۔کھیل کے 18ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے فیلڈ گول کے ذریعے گول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلادی۔ کھیل کے 24ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے افراز نے ایکبار پھرفیلڈ گول اسکور کے اس برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 26ویں منٹ میں احمد ندیم نے پاکستان کی جانب چوتھا گول اسکور کیا۔ میچ کے 34ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے کھلاڑی سلمان رزاق نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کیا۔کھیل کے 35ویں منٹ میں بنگلا دیش نے کھلاڑی ارشد حسین کی مدد سے گول اسکور کرکے گول خسارے کو کم کرنے کی کوشش کی جبکہ پاکستان کی جانب سے کھیل کے 38ویں منٹ میں پاکستانی سٹرائیکر اعجاز احمد نے گول اسکور کرکے پاکستان کی سیمی فائینل تک رسائی پر فتح کی مہر ثبت کی اور مین آف میچ قرار پائے۔ایشین چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائینلز ایک روزہ وقفہ کے بعد 21 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سیمی فائنل میں کوریا کے مدمقابل پاکستانی وقت 2:30 بجے دوپہر کھیلے گا جبکہ انڈیا اور جاپان کے مابین میچ 5:00 بجے پاکستان ٹائم کھیلا جائے گا۔