ٹی ٹوئنٹی سیریز،تیسرے ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سوئیپ کر دیا

کراچی(ویب  نیوز)تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 208 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پاکستان نے 208 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،قومی ٹیم کی سلامی جوڑی بابراعظم اور محمد رضوان نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ سو رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کر کے ریکارڈ بنایا۔بابراعظم 73 اور محمد رضوان 87 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ آصف علی  نے اننگز کے آخر میں 7 گیندوں پر21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔رواں سال میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں یہ ریکارڈ 20 ویں فتح ہے۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے پاکستان خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کی خوب دھلائی کی اور گراونڈ کے چاروں اطراف چھکے چوکوں کی برسات کر ڈالی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پوران 64، شمیرا بروکس 49، برینڈن کنگ 43 اور ڈیرن براوو 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے دو جب کہ شاہ نواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا