پاکستان،اگلے سال او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے،شاہ محمود قریشی
اسلا م آباد(ویب نیوز)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان، اگلے سال مارچ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے،وہ پیر کو اپنے زیر صدارت وزارت خارجہ میں اعلی سطح کے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے ،اجلا س میںاسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالی نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا،وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر، انتہائی کم وقت میں بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے، سیکرٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کی تمام ٹیم کو مبارکباد دی ،شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بہترین سفارت کیلئے معاشی خود انحصاری بہت اہمیت کی حامل ہے،پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے، اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے، انہوں نے کہاکہ ہماری متحرک اور فعال خارجہ پالیسی کے باعث آج پاکستان، عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے،مجھے فخر ہے کہ میں انتہائی قابل سول سرونٹس اور سفرا کی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں، اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد پردفتر خارجہ کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام اداروں اور ان سے متعلقہ شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو عزت اور کامیابی عطا فرمائی ،افغانستان کیلئے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے،افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے،یہ بہت بڑی پیشرفت ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالی نے پاکستان کو سرخرو کیا،20 وزرائے خارجہ اور 10 نائب وزرائے خارجہ کا او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس شرکت کرنا پاکستان بڑی کامیابی ہے،437وفود پاکستان میں منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں شریک ہوئے ،وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان،سعودی عرب نے ملکر کردار ادا کیا،مسئلہ طالبان کا نہیں،مسئلہ 38ملین افغان عوام کا ہے،افغان عوام بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں،افغانستان کو ادویات،خوراک، کی فوری ضرورت ہے،تنخواہ دینے کے پیسے ہوں گے تو اسکولز بھی چلیں گے،عوام کے نکتہ نظر سے امریکا کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا چاہیے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتنے ممالک کے نمائندگان کا پاکستان آنا بہت بڑی پیشرفت ہے، اسپیکر قومی اسمبلی، سینیٹ، اور افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،دفتر خارجہ کے عملے نے محنت کرکے کانفرنس کو کامیاب بنایا،وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور غیر ملکی میڈیا، جنہوں نے اس غیر معمولی اور تاریخی اجلاس کو رپورٹ کیا ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو اقوام عالم میں ہمیشہ سرخرو رکھے۔